(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں سموگ کے پیش نظر صفائی ورکرز کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ایل ڈبلیو ایم سی کے 20 ہزار سے زائد صفائی ورکرز میں ماسک کی تقسیم جاری کر دیئے، سی ای او بابر صاحب دین نے سینئر افسروں کو عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
ٹریفک کے دھویں میں کام کرنے والے ورکرز کیلئے ماسک پہننا لازم ہو گا، لاہور کی تمام 274 یونین کونسلز میں ماسک کی تقسیم کا عمل جاری ہے، بابر صاحب دین نے کہا کہ حکومت پنجاب صفائی ورکرز کی صحت و فلاح کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، ہمارے ورکرز ہمارے اصلی ہیروز ہیں، ان کی صحت و سلامتی ہمیں عزیز ہے۔
واضح رہے اس سے قبل ٹریفک وارڈن اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے بھی یہی ہدایات جاری ہو چکی ہیں کہ سموگ کی وجہ سے وارڈن اور موٹر سائیکل سواروں کو بھی ماسک پہننا لازم ہے۔
