(ویب ڈیسک) دھوکے بازوں کی جعلسازی سے کس طرح خود کو اور اپنے پیسوں کو محفوظ رکھا جائے، سٹیٹ بینک نے اس سے بچنے کا طریقہ بتا دیا۔
آج کل شہریوں کے بینک اکاؤنٹس سے متعلق ایک فراڈ بہت عام ہے کہ کوئی شخص آپ کو کال کرکے کہتا ہے غلطی سے آپ کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیج دیئے ہیں، مذکورہ شخص اپنی مجبوری بتا کر یا دھمکی دے کر وہ پیسے جو دیئے ہی نہیں ہوتے اسکی واپسی کا تقاضہ کرتا ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غلطی سے پیسے بھیجنے کے دھوکے سے ہوشیار رہیں۔
پاکستان کے مرکزی بینک نے صارفین کی آگاہی کے لئے مزید بتایا کہ دھوکے باز افراد اکثر یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انھوں نے غلطی سے آپ کے اکاؤنٹ میں پیسے بھیج دیئے ہیں۔

سٹیٹ بینک نے کہا کہ جعلساز افراد آپ پر دباؤ ڈالتے ہیں کہ وہ رقم واپس کریں، شہری اس سلسلے میں بالکل بھی دھوکہ نہ کھائیں! یہ آپ کے پیسے چرانے کا ایک حربہ ہے۔
اس دھوکہ دہی سے بچنے کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر طریقہ کار بھی جاری کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ ایسی صورت میں سب سے پہلے اکاؤنٹ کی ٹرانزیکشن چیک کریں۔
