21 Oct 2025
(لاہور نیوز) لاہور میں ون ویلنگ کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے باوجود خطرناک کرتب بازی کا سلسلہ تھم نہ سکا۔
کینال روڈ پر ایک نوجوان کی لڑکی کے ساتھ موٹرسائیکل پر ون ویلنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، ویڈیو میں موٹرسائیکل سوار لڑکی کو پیچھے بٹھا کر کینال روڈ پر خطرناک انداز میں ون ویلنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
شہریوں نے اس واقعے پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ون ویلرز نہ صرف اپنی جان بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق لاہور میں ون ویلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، متعدد مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
