(لاہور نیوز) موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی شہر لاہور میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آنا شروع ہو گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
موسم کی اس تبدیلی کے باعث ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد تک پہنچ چکا ہے اور ہوا کی رفتار صرف 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ موسم کی تیزی کو کم ظاہر کرتا ہے۔
دوسری جانب شہر لاہور میں سموگ کے اثرات بھی بڑھتے جا رہے ہیں، اس وقت لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 250 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے، سموگ کی شدت کے باعث شہریوں کو سانس کی تکالیف، آنکھوں میں جلن اور دیگر صحت کے مسائل کا سامنا ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سموگ کے اثرات سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بچے، بوڑھے افراد اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو باہر جانے سے گریز کرنا چاہئے، محکمہ نے مزید کہا کہ شہری ماسک کا استعمال کریں اور گاڑیوں کی ہڈ لائٹس کو دن کے وقت بھی روشن رکھیں تاکہ سڑکوں پر نظر آنا آسان ہو۔
