(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے ایک بڑے تاریخی اور تحقیقی اقدام کے تحت لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں قدیم تہذیبوں کی تلاش کیلئے نئی کھدائی کا منصوبہ تیار کر لیا۔
محکمہ سیاحت و آثارِ قدیمہ کی زیر نگرانی سو سال بعد صوبے میں دوبارہ وسیع پیمانے پر آثارِ قدیمہ کی دریافت کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، محکمہ کے مطابق کھدائی کا مقصد صدیوں پرانی تہذیبوں، تاریخی ورثے اور ثقافتی شناخت کے گمشدہ پہلوؤں کو دریافت کرنا ہے۔
محکمہ سیاحت و آرکیالوجی کے سیکریٹری ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اس منصوبے کو تاریخی ورثے کی بحالی میں ایک سنگِ میل قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے یہ منصوبہ نہ صرف ہماری ثقافتی شناخت کو اجاگر کرے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے تاریخی تنوع کو بھی روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ماہرین آثارِ قدیمہ کا کہنا ہے کہ اگر ان مقامات سے نئی دریافتیں ہوئیں تو یہ نہ صرف تعلیمی و تحقیقی اداروں کے لئے ایک قیمتی سرمایہ ہوں گی بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔
منصوبے کے تحت دریافت شدہ نوادرات اور شواہد کو جدید سائنسی طریقوں سے محفوظ کرنے اور عوامی نمائش کے لئے میوزیمز میں منتقل کرنے کا بھی ارادہ ہے۔
