(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ڈینگی کے 52 نئے کنفرم مریض رپورٹ ہوئے، جن میں سے لاہور سے 9 اور راولپنڈی سے 21 کیسز شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں رواں سیزن کے دوران ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی مجموعی تعداد 2105 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ صرف لاہور میں یہ تعداد 382 ہو گئی ہے۔
صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی مشتبہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس پر طبی ماہرین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر انسدادی اقدامات کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق اگر فوری اور مربوط اقدامات نہ کئے گئے تو رواں سال ڈینگی کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے صحت کا نظام دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کھلے پانی کے برتنوں کو ڈھانپ کر رکھیں، گھروں اور دفاتر میں سپرے کریں اور مچھروں سے بچاؤ کے تمام ممکنہ اقدامات اختیار کریں۔
