(لاہور نیوز) چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص ہی زندگی کی ضمانت ہے۔
بریسٹ کینسر آج کل تیزی سے پھیلنے والا ایک خطرناک مرض بن چکا ہے جس کی بروقت تشخیص اور علاج سے اسے مکمل طور پر قابلِ علاج بنایا جا سکتا ہے، حنا پرویز بٹ نے خواتین کو اس بیماری کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے ایک اہم پیغام دیا ہے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ اکثر خواتین لاعلمی یا شرم کے باعث اپنے میڈیکل چیک اپ نہیں کرواتیں، یہ خاموشی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنی صحت کو نظر انداز نہ کریں اور باقاعدہ چیک اپ کروائیں۔
انہوں نے کہا ہمیں اپنی بہنوں، بیٹیوں اور دوستوں کو بھی اس بیماری کے بارے میں آگاہ کرنا چاہئے اور انہیں اس بات پر زور دینا چاہئے کہ وہ وقت پر چیک اپ کروائیں، صحت کو شرم یا جھجک پر قربان نہ کریں، زندگی قیمتی ہے۔
حنا پرویز بٹ نے اس بات پر زور دیا کہ احتیاط، آگاہی اور بروقت تشخیص ہی محفوظ زندگی کی ضمانت ہے، خواتین کی صحت ہی محفوظ پنجاب کی ضمانت ہے، اگر ہم سب مل کر اس بیماری کے بارے میں آگاہی پھیلائیں گے تو ہم اسے پھیلنے سے روک سکتے ہیں۔
