پنجاب کے کئی اضلاع میں زیرو کرائم، ناجائزقبضہ کیسز کا 90روزمیں فیصلہ ہوگا: مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب ماؤں،بیٹیوں اور بہنوں کیلئے محفوظ جگہ بننے کے قریب ہے، پنجاب کے بے شمار ڈسٹرکٹس میں زیرو کرائم ہے، اب ناجائز قبضے کے کیسز کا 90روز میں فیصلہ ہوگا۔
پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈریگولیٹری اتھارٹی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب منعقد ہوئی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے نوجوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں، اللہ نے آپ کو اپنے وطن اورعوام کی خدمت کیلئے موقع دیا، آپ کے کندھوں پر پنجاب کے کروڑوں عوام کی ذمہ داری ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ میرا خواب تھا ایسی اتھارٹی بنے جو ہر جگہ خود پہنچ کرمہنگائی،ذخیرہ اندوزی،ناجائز تجاوزات سے نجات دلائے، آج پنجاب پہلا اورواحد صوبہ بن گیا جس نے گورننس کا نیا ماڈل پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی سے عوام کو مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، عوام کی تکلیف اورمشکل کو محسوس کرکے پیرا فورس بنائی، تجاوزات کی وجہ سے بازاروں میں گزرنے کا راستہ نہیں ہوتا تھا، تجاوزات کی وجہ سے بازاروں میں خواتین کو ہراساں بھی کیا جاتا تھا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تجاوزات ہٹنے کی وجہ سے بازار کھلے ہوگئے ہیں ، خواتین کو اب بازاروں میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، پیرا فورس گڈ گورننس کی اعلیٰ مثال ہے، سیلاب کے دوران بھی پیرا فورس نے اہم کردار ادا کیا، حالیہ سیلاب میں پہلی بار ایسا لگا کہ پنجاب کے تمام محکمے یک جان ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پیرافورس میں خواتین بھی شامل ہیں،اب خواتین کو ہراساں کرنے والا اپنے انجام کو پہنچتا ہے اور اپنی اس حرکت پر توبہ کرتا ہے، پنجاب ماؤں،بیٹیوں اور بہنوں کیلئے محفوظ جگہ بننے کے قریب ہے، پنجاب کے اس وقت بے شمار ڈسٹرکٹس ایسے ہیں جہاں زیرو کرائم ہے،آج کئی دن گزر جاتے ہیں کوئی کرائم رپورٹ نہیں ہوتا، پہلے ایک ایک دن میں چوری ڈکیتی کے سوکیسز رپورٹ ہوتے تھے ۔
وزیراعلیٰ نے فورس کے اہلکاروں سے عہد لیتے ہوئے کہا کہ آپ یہ ایمان کا حصہ بنالیں کہ رشوت کا ایک پیسہ بھی خود پر حرام کریں گے، اس کو بھی ایمان کا حصہ بنالیں کہ کبھی عوام کی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیے، آپ حلف کو دوبارہ پڑھیں گے اور اس کی عزت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے یہ ہوتا رہا ہے کہ دوست یا جاننے والوں سے پیسے لیں اور کام کرادیں،رشوت کی کمائی میں برکت نہیں، رشوت کی کمائی جتنی تیزی سے آتی ہے ویسے ہی واپس جاتی ہے، وعدہ کریں وطن کی حفاظت،عوام کی خدمت کریں گے اور ایک پیسہ رشوت نہیں لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایسے ملک میں رہتے ہیں جہاں زیادہ آبادی متوسط طبقہ ہے، جائز منافع کمانا سب کا حق ہے، ناجائز منافع خوری کو روکنا میرا اور آپ کا فرض ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ناجائز قبضوں کے سالہا سال کیسز چلتے ہیں لیکن ان کا کوئی حل نہیں ہوتا، اب ہم ناجائز قبضے کے خاتمے کیلئے نیا قانون اورعلیحدہ عدالتیں لارہے ہیں، اب ناجائز قبضے کے کیسز کا 90روز میں فیصلہ ہوگا، ناجائز قبضہ کرنے والے کو 10سال قید ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پنجاب پولیس نے سی سی ڈی بنایا، سی سی ڈی نے جیسا امن وامان قائم کیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، آئی جی پنجاب اورسی سی ڈی کو شاباش دینا چاہتی ہوں۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے پیرا فورس مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں اعزازات تقسیم کیے۔ ڈائریکٹر جنرل پیرا کی جانب سے مہمان خصوصی کو سووینئرپیش کیا گیا۔
