چوہنگ: سیلاب متاثرین کیلئے پاک بھارت میچ دکھانے کیلئے خصوصی سکریننگ کا اہتمام
(لاہور نیوز) ایشیاء کپ سپر فور مرحلہ میں پاک بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران شائقین کرکٹ کا جوش عروج پر، چوہنگ میں سیلاب متاثرین سمیت لاہور کے مختلف مقامات پر شائقین کیلئے خصوصی سکریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے جوہر ٹاؤن میں شائقین کیلئے خصوصی سکریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے، شائقین ہائی وولٹیج ٹاکرہ انتہائی جوش و خروش کے ساتھ دیکھ رہے ہیں، خاص طور پر تب جب پاکستان شاندار بیٹنگ کا مظاہرا کرتے ہوئے بھارتی باؤلرز کو دھول چٹا رہا ہے۔
علاوہ ازیں مارکیٹوں اور شاپنگ پلازوں میں بڑی سکرینیں نصب کی گئی ہیں۔ شہریوں نے میچ دیکھنے کے لیے خصوصی اہتمام کر لیا ۔ اس کے علاوہ چائے خانوں اور ریسٹورنٹس پر بھی بڑی سکرینیں لگ گئیں، کرکٹ دیوانے دوستوں کے ہمراہ میچ دیکھنے کے لیے جمع ہوئے ہیں ۔ لاہور کی اہم شاہراہوں اور بازاروں میں کرکٹ فیسٹیول کا سماں ہے۔
چوہنگ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے کیمپ میں میچ دیکھنے کیلئے سکرین نصب کی گئی ہے۔ جہاں سیلاب متاثرین کیلئے قائم خیمہ بستی میں شائقین قومی ٹیم کی جیت کیلئے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔
