(لاہور نیوز) وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ملک میں ترسیلات زر ریکارڈ 38.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
وفاقی دارالحکومت میں بلال اظہر کیانی کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے صنعت کے لیے خام مال سستے کیے، ٹیرف میں کمی کی۔اُنہوں نے کہا کہ شہباز شریف ہر ہفتے وفاقی اخراجات میں کمی کے لیے اجلاس منعقد کرتے ہیں، پاکستان نے گزشتہ مالی سال 2.7 فیصد معاشی شرح نمو حاصل کی، پاکستان کی معیشت میں ٹیکس کا حصہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی 1.4 فیصد بڑھ چکی ہے۔
وزیر مملکت خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی جی شرح 10.2 فیصد تک پہنچ چکی ہے، پچھلے ڈیڑھ سال میں معیشت میں بہتری آئی ہے، آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر پروگرام کے تحت دوسرا اقتصادی جائزہ ہونے جا رہا یے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، ٹیرف پالیسی اور ٹیکس اصلاحات پر کام جاری ہے، پی آئی اے کی نجکاری ایڈوانس سٹیج پر ہے، کرنٹ اکاؤنٹ 22 سال بعد 1.2 ارب ڈالر سرپلس رہا۔
اُن کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، ترسیلات زر ریکارڈ 38.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، زرمبادلہ ذخائر 20 ارب ڈالر کے قریب ہیں۔
