شیراکوٹ پولیس کا کامیاب آپریشن، جواں سال لڑکی کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار
(لاہور نیوز) شیراکوٹ پولیس نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے جواں سال لڑکی کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزم کو ایس ایچ او کی قیادت میں ٹیم کے ساتھ ایک کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق جواں سال لڑکی اپنے والد محمد احمد کے ساتھ بابو صابو بند روڈ پر رہائش پذیر تھی اور ملزم بابر ان کا ہمسایہ تھا، بابر لڑکی کو پستول دکھا کر اس کو ڈراتا اور دھمکاتا تھا، اس کے ساتھ ہی ملزم لڑکی کو اسلحہ کے زور پر اپنے ساتھ برائی کرنے پر اکساتا تھا۔
لڑکی کے والد محمد احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم بابر کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے پستول بھی برآمد کر لیا۔
ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر نے ایس ایچ او رفیع اللہ خان اور ان کی ٹیم کی کارروائی کو سراہا اور کہا کہ ایسی بداخلاقی کرنے والے بدمعاشوں کو جیلوں میں ڈالا جائے گا، پولیس ہر صورت میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے سرگرم ہے اور ایسے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
