(لاہور نیوز) ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال کے باعث ملتان گزشتہ 48 گھنٹوں سے شدید دباؤ کا شکار ہے اور آنے والے دو دن بھی شہر کے لئے آسان نہیں ہوں گے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق حکام کو توقع تھی کہ 4 ستمبر تک پنجند کے مقام پر پانی کی سطح بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی اور 6 ستمبر تک سیلابی پانی سندھ میں داخل ہو جائے گا، تاہم، پنجاب میں غیر معمولی سیلابی کیفیت نے پانی کے بہاؤ کو متاثر کیا، جس کے باعث پانی مقررہ رفتار سے آگے نہیں بڑھ سکا۔
محکمہ انہار کے ذرائع کے مطابق تریموں سے پانچ لاکھ چالیس ہزار کیوسک پانی کا ریلا دو روز تک ملتان کی حدود میں موجود رہے گا، جس کے پیش نظر دریائے چناب میں واقع شیر شاہ بند پر حفاظتی شگاف ڈالنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
متاثرہ علاقے میں موجود افراد کو پیشگی اطلاع دے دی گئی ہے اور شگاف کی صورت میں ممکنہ متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اعلانات جاری ہیں۔
