(لاہور نیوز) پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں چاند کو گرہن لگنے کا آغاز ہو گیا۔
لاہور میں آج رات شاندار فلکیاتی منظر دیکھنے کو ملے گا، آسمان پر آج مکمل چاند گرہن کا نظارہ ہو گا، چاند گرہن کا 8 بج کر 29 منٹ پر کا آغاز ہو چکا ہے، جزوی گرہن 12 بج کر 56 منٹ پر ختم ہو گا جبکہ آخری مرحلہ 1 بج کر 54 منٹ پر مکمل ہو گا۔
10 بج کر 31 منٹ سے 11 بج کر 52 منٹ تک مکمل چاند جسے blood moon بھی کہا جاتا ہے کا نظارہ ہو گا، فلکیات ماہرین کے مطابق گرہن کا انسانی زندگی پر کوئی اثر نہیں، شہریوں کی بڑی تعداد چاند گرہن دیکھنے کھلے مقامات پر پہنچ رہی ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق یہ گرہن پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا، گرہن کا عروج یا "میکسمم فیز" 11 بج کر 12 منٹ پر ہو گا جبکہ چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں آکر سرخ رنگ اختیار کر لے گا۔
یہ مرحلہ تقریباً ایک گھنٹہ 21 منٹ تک جاری رہے گا، ماہر فلکیات نے کہا ہے کہ چاند گرہن زمین، سورج اور چاند بالکل سیدھ میں آ جائیں تو زمین سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے، اس دوران زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے جس سے چاند کا کچھ حصہ یا پورا حصہ اندھیرے میں چلا جاتا ہے۔
