(لاہور نیوز) صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرتھ نے حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے لاہور، پسرور، وزیرآباد اور نارووال کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران محکمہ مواصلات و تعمیرات کے اعلیٰ افسران نے صوبائی وزیر کو متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر بریفنگ دی، جس میں سڑکوں کو پہنچنے والے نقصانات اور بحالی کے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔
صہیب احمد بھرتھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، سیلاب سے بچاؤ اور نقصانات کے ازالے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں سیلاب سے متاثر ہونے والی شاہراہوں کی فوری مرمت کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
وزیر قانون نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنائیں اور متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد امداد فراہم کی جائے۔
