(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بہاولپور میں علی الصبح کارروائی کرتے ہوئے مضر صحت گوشت کی بڑی سپلائی ناکام بنا دی۔
شمس آباد ٹول پلازہ پر ناکہ بندی کے دوران دو گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، جن سے مجموعی طور پر 1800 کلو چکن اور 400 کلو بیمار جانوروں کا گوشت برآمد ہوا، جو انسانی صحت کیلئے خطرناک قرار دے کر موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کے مطابق دونوں گاڑیوں میں لایا گیا گوشت شدید بدبو دار تھا جبکہ چکن کا رنگ بھی تبدیل ہو چکا تھا، جو اس کے ناقابل استعمال ہونے کا واضح ثبوت تھا۔
ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا اور موقع پر موجود سپلائرز کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ گوشت بیماریوں سے متاثرہ جانوروں سے حاصل کیا گیا تھا اور اس کی ترسیل مختلف شہروں میں کی جانی تھی۔
حکام کے مطابق ایسے اقدامات شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے ضروری ہیں اور فوڈ اتھارٹی مستقبل میں بھی مضر صحت اشیا کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھے گی۔
