
(لاہور نیوز) شہر لاہور میں ہونے والی موسلادھار بارش نے جہاں موسم کو خوشگوار کیا، وہیں مختلف علاقوں میں حادثات اور املاک کو نقصان بھی پہنچا۔
بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ہربنس پورہ کے علاقے میں بائیک سلپ ہونے کی وجہ سے ایک شخص زخمی ہو گیا جبکہ نیو راوی پل پر ایک اور شہری پھسل کر گرنے سے زخمی ہو گیا، علی رضا آباد اور وحدت کالونی میں بھی پھسلن کے باعث بائیک سلپ ہونے سے ایک، ایک شخص زخمی ہوا۔
سب سے افسوسناک واقعہ کشمیری گیٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں بارش کے دوران بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے کے باعث ایک کمسن بچہ جان کی بازی ہار گیا۔
ادھر آشیانہ روڈ پر واقع ٹی آر گارڈر کی ایک خستہ حال چھت بارش کے باعث گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا، دوسری جانب اچھرہ کے علاقے گنج بخش میں بھی ایک مکان کی چھت گرنے کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے جہاں ریسکیو ٹیموں کی کارروائی جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق تمام زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ متاثرہ مقامات پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں اور کھلی تاروں سے دور رہیں۔