
(لاہور نیوز) پنجاب کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق خانیوال میں سب سے زیادہ 51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ راولپنڈی میں 42 ملی میٹر، ساہیوال میں 44 ملی میٹر اور مری میں 41 ملی میٹر بارش ہوئی، لاہور میں 23 ملی میٹر، اوکاڑہ میں 30، منڈی بہاؤالدین میں 27، منگلا میں 24 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ادھر پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ، بہاولپور، گجرات، قصور، بہاولنگر، سرگودھا، ملتان اور جھنگ سمیت کئی دیگر اضلاع میں بھی بارشیں ہوئی ہیں، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کی توقع ہے، جبکہ آج کے دن جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، لاہور اور حافظ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں خصوصی احتیاط برتیں، ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔