فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے، وزیر اعلیٰ مریم نواز
(لاہور نیوز) پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز مری سے واپسی پر فیلڈ ہسپتال دیکھ کر رک گئیں، انہوں نے ہسپتال میں دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا اور مریضوں سے بات چیت بھی کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مری کے نواح میں فیلڈ ہسپتال کا اچانک معائنہ کیا، انہوں نے ہسپتال میں دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مریم نواز نے اس موقع پر ڈاکٹرز اور طبی عملے سے بات چیت کی اور ان سے فیلڈ ہسپتال کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔
مریم نواز نے فیلڈ ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی، جنہوں نے مریم نواز کو طبی سہولتوں کے بارے میں بتایا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے طبی ٹیسٹ اور ادویات کی مفت فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں موجود لوگوں نے بتایا کہ فیلڈ ہسپتال شاندار اقدام ہے، ضعیف خواتین اور مریضوں کو بہت فائدہ ہو رہا ہے، کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ دشوارگزار راستوں سے گزر کر ہسپتال جانے کی صعوبت برداشت کیے بغیر علاج کی سہولتیں گھر کی دہلیز پر ہی ملیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے اب فیلڈ ہسپتال خود چل کر ان کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل ہسپتال سے سوا کروڑ سے زائد مریض فیض یاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انسانیت کی خدمت ہی مسلم لیگ ن کا ہمیشہ سے منشور رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے، صحت کی سہولتیں عوام کا بنیادی حق ہے اور عوامی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔
