(لاہور نیوز) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے پہلی بار پھولوں کے تحائف کی ہوم ڈیلیوری سروس کا آغاز کر دیا۔
اس سروس کے تحت تازہ قدرتی پھولوں سے تیار کئے گئے گلدستے اب صرف ایک کال پر دستیاب ہوں گے، ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت شہر کے منتخب علاقوں گلبرگ، شادمان، جیل روڈ، مال روڈ، جی او آر اور گارڈن ٹاؤن میں فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سروس کا دائرہ مرحلہ وار لاہور کے دیگر علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔
ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد نے اس اقدام کو شہری سہولتوں میں جدت لانے کی جانب ایک عملی قدم قرار دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پھولوں کی ہوم ڈیلیوری سروس شہریوں کیلئے ایک منفرد اور خوبصورت سہولت ہے، جو جذبات کے اظہار کا نیا ذریعہ ثابت ہو گی۔
شہری صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک پی ایچ اے کی فلاور شاپ کے آفیشل نمبر پر رابطہ کر کے اپنا آرڈر بک کروا سکتے ہیں، اس سروس کے ذریعے پی ایچ اے نے شہریوں کی روزمرہ زندگی میں فطرت کی خوبصورتی اور خوشبو شامل کرنے کی ایک نئی راہ ہموار کی ہے۔
پی ایچ اے کا یہ اقدام نہ صرف شہری سہولتوں میں بہتری کی جانب اشارہ کرتا ہے بلکہ لاہور جیسے ثقافتی شہر کی جمالیاتی شناخت کو بھی مزید اجاگر کرتا ہے۔
