01 Jul 2025
(لاہور نیوز) فوڈ اتھارٹی نے وحدت روڈ، سمن آباد اور سبزہ زار میں بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 9 مشہور فوڈ چینز کو بھاری جرمانے کر دیئے۔
کارروائی کے دوران ناقص صفائی، ایکسپائرڈ اشیا، استعمال شدہ آئل اور باسی خوراک کی نشاندہی پر 9 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 9 لاکھ 30 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں غیر معیاری اور ایکسپائرڈ اشیا ضبط کر کے تلف کر دی گئیں، جبکہ متعدد ریسٹورنٹس میں کچن ایریا کی صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ خوراک کی تیاری سے لے کر صارف تک رسائی کے ہر مرحلے پر ہماری کڑی نگرانی جاری ہے، جعلسازی، غیر معیاری اشیا اور صحت کے اصولوں سے انحراف کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
