(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لئے فیک نیوز کی مانیٹرنگ اور روک تھام کے لئے سپیشل کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے فعال ہے اور سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت، اشتعال انگیز تقاریر اور جھوٹی خبروں کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔
پنجاب میں پہلی مرتبہ محرم کے دوران سائبر پٹرولنگ کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت متنازع سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کیا جا رہا ہے اور اکاؤنٹ ہولڈرز کی ٹریسنگ کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے ایک خصوصی آن لائن پورٹل بھی فعال کر دیا گیا ہے جہاں شہری قابل اعتراض مواد کی رپورٹنگ کر سکتے ہیں، رپورٹ موصول ہونے کے بعد متعلقہ اکاؤنٹ کی بندش اور اکاؤنٹ ہولڈر کی شناخت کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت یا فرقہ واریت پھیلانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس کے علاوہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کو محفوظ بنانے کیلئے پولیس اور سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جلوسوں کے روٹس پر کوئیک رسپانس فورس تعینات کی گئی ہے، جبکہ سکیورٹی کیلئے چاروں طرف آہنی پائپ نصب کئے گئے ہیں۔
ہر جلوس کے داخلی راستوں پر خصوصی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں جو چہرے کی شناخت کے ذریعے شرکا کی نگرانی کریں گے، خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے لیڈی پولیس افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ واقعہ کربلا امن، صبر اور رواداری کا درس دیتا ہے، موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں عشرہ محرم الحرام حساس ہے، اس لئے حکومت پنجاب کسی بھی قسم کی کوتاہی کی ہرگز گنجائش نہیں چھوڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈرون کیمروں کے استعمال پر مکمل پابندی یقینی بنائی جائے، محرم الحرام کے دوران صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔
