(ویب ڈیسک) محمد آصف نے ایشین 6 ریڈ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں قدم رکھ کر میڈل یقینی بنا لیا، دفاعی چیمپئن اویس منیر اور سابق ایشین چیمپئن محمد سجاد کا سفر پری کوارٹر فائنل ہی میں ختم ہو گیا۔
سری لنکا کے شہر کولمبو سےموصول اطلاعات کے مطابق چیمپئن شپ کے تیسرے دن تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن محمد آصف نے ایک جان توڑ مقابلے کے بعد ملائیشیا کے کھلاڑی کم کو لیونگ کو3-5 سے مات دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
قبل ازیں پری کواٹر فائنل میں محمد آصف نے کمبوڈیا کے نیانگ ٹولہ کو ایک فریم کی قربانی دے کر 1-5 سے فتح پائی اور برانز میڈل کا حصول یقینی بنا لیا تاہم دیگر دونوں پاکستانی کیوئسٹ ناک آوٹ کے پہلے مرحلہ میں ہی شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔
پری کوارٹر فائنل میں اعزاز کے دفاع کے لیے کوشاں اویس منیر کو ہانگ کانگ کے منگ وا مان نے سخت مقابلے کے بعد 3-5 سےٹھکانے لگایا جبکہ سابق عالمی نمبر 2 محمد سجاد کو سنگا پور کے سنی وانگ نے کسی دقت کے بغیر 0-5 سے شکست دےدی۔
سیمی فائنل میں بدھ کو محمد آصف کا مقابلہ ملائشیا کے تھور چوان لیونگ سے ہو گا۔
