(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) حکام نے رواں ماہ کے ریکوری ٹارگٹ کو ہر صورت مکمل کرنے کیلئے تمام فیلڈ افسران اور ریکوری سٹاف کو سخت ہدایات جاری کر دیں۔
ذرائع کے مطابق ریکوری عملے کی ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور تمام فیلڈ سٹاف کو چھٹی کے دنوں میں بھی ڈیوٹی انجام دینے کا پابند بنایا گیا ہے۔
لیسکو سپورٹ یونٹ کو بھی نادہندگان کے خلاف کارروائی کیلئے متحرک کر دیا گیا ہے، ادارے کی جانب سے یہ واضح ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ریکوری کے عمل میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈائریکٹر کسٹمر سروسز لیسکو عباس علی کے مطابق جون کے مہینے میں 100 فیصد ریکوری کو یقینی بنایا جائے گا، سرکاری و نجی نادہندگان سے ہر صورت واجبات وصول کئے جائیں گے اور جو افسران یا عملہ کارکردگی میں کوتاہی کا مظاہرہ کرے گا ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
