(لاہور نیوز) محکمہ جیل کے شہید ملازمین کے پیکیج کو پنجاب پولیس کے برابر لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جیلوں میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کی خریداری کی جائے گی، استعداد میں اضافے کیلئے 200 اہلکاروں کو پاک فوج سے ڈرل انسٹرکٹر کی تربیت دلوائی جائے گی، تمام جیلوں کی مین وال کیساتھ جیل کے اندر گشت کیلئے 100 موٹرسائیکلز بھی خریدی جائیں گی۔
سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ اسیران سے ملاقات کیلئے ایڈوانس آن لائن بکنگ سسٹم کو جلد فعال کیا جائے، محکمہ جیل کے شہید ہونیوالے ملازمین کے شہید پیکیج کو پنجاب پولیس کے برابر لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، خواتین اسیران سے انکے بچوں کی باقاعدہ ملاقات کیلئے خصوصی اہتمام کی ہدایت کر دی گئی۔
سیکرٹری داخلہ نے قیدیوں کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صاف پانی اتھارٹی کے اشتراک سے جیلوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جائیں، قیدیوں کی سہولت کیلئے قیدی یونیفارم کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
