(ویب ڈیسک) بھارتی طیاروں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا امکان ہے جس کا نوٹم سہ پہر تک جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستانی فضائی حدود 24 اپریل کو بھارتی طیاروں کیلئے بند کی گئی تھی، جس کے بعد 23 مئی کو ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق اب دوسرے مرحلے کی پابندی کا نوٹم آج ختم ہونے جا رہا ہے اور اس کے اختتام پر مزید ایک ماہ کیلئے فضائی حدود کی بندش کا نوٹم جاری کیا جائے گا۔
حکومت پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹم میں بھارتی فضائی ٹریفک کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کی تفصیلات درج ہوں گی، یہ پابندی بھارت کے ساتھ موجودہ کشیدگی کے پیش نظر عائد کی گئی تھی اور اس کا مقصد فضائی حدود کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی طیاروں کو مخصوص راستوں سے گزرنے میں دشواری پیش آتی ہے، اس پابندی کا اطلاق بھارتی طیاروں کیلئے ہو گا تاہم پاکستان کی فضائی حدود دیگر بین الاقوامی پروازوں کیلئے کھلی رہے گی۔
