(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوری کے 48 ہزار 942 مقدمات درج کئے گئے، بجلی چوری کے 30 ہزار 201 مقدمات کے چالان مکمل کر لئے گئے ہیں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 2 ہزار سے زائد ملزمان کو سزائیں اور بھاری جرمانے بھی کئے جا چکے ہیں۔
لاہور میں بجلی چوری کے 12 ہزار سے زائد مقدمات درج کئے گئے ہیں، جبکہ 15 ہزار 298 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جو اس حوالے سے پولیس کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب، ڈاکٹر عثمان انور نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
پنجاب پولیس کی جانب سے کی جانے والی اس کارروائی کو عوامی و سرکاری حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور اسے توانائی بحران پر قابو پانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
