(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شروع کئے جانے والے ای-ٹیکسی منصوبے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے منصوبے پر عملدرآمد کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جبکہ خواتین کیلئے بھی خصوصی کوٹہ مختص کر دیا گیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق منصوبے کا بزنس اور فنانشل ماڈل تیار کر لیا گیا ہے، پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ابتدائی مرحلے میں لاہور میں 1,100 ای-ٹیکسیز سڑکوں پر لائی جائیں گی۔
نیسپاک کے تیار کردہ بزنس پلان کے تحت ای-ٹیکسیز فلیٹ مالکان، انفرادی افراد اور رائیڈ شیئرنگ کمپنیوں کو فراہم کی جائیں گی، جبکہ خواتین کے لئے 30 ای-ٹیکسیز مختص کی گئی ہیں۔
حکومت پنجاب اس منصوبے کے تحت گاڑیوں کی مارک اپ، ٹوکن ٹیکس اور رجسٹریشن فیس خود ادا کرے گی، گاڑی کی قیمت کا 40 فیصد حصہ فلیٹ مالکان بطور ڈاؤن پیمنٹ ادا کریں گے جبکہ بقیہ رقم بینک آف پنجاب فراہم کرے گا۔
درخواستیں پنجاب آئی ٹی بورڈ کے پورٹل پر جمع کرائی جا سکیں گی، منصوبے کے تحت فراہم کی جانے والی ای-ٹیکسیز ایک چارج پر 300 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں گی۔
پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ ای-ٹیکسی منصوبہ نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرے گا بلکہ ماحول دوست ہونے کی بدولت ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا باعث بھی بنے گا۔
