
(لاہور نیوز) جدہ میں سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے ہجری سال 1447 کے لیے عمرہ سیزن کے آغاز کا اعلان کر دیا۔
منگل 10 جون سے مملکت سے باہر سے آنے والوں کے لیے ویزا کے اجراء کے آغاز کے ساتھ نئے عمرہ سیزن کا 11 جون سے آغاز ہو گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت نے تصدیق کی کہ غیر ملکی زائرین کے لیے عمرہ پرمٹ بدھ 11 جون سے سرکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے متحد ڈیجیٹل پلیٹ فارم "نسک" ایپ کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔
یہ ایپ صارفین کو آسانی سے بکنگ کرنے اور اجازت نامے حاصل کرنے کے قابل بناتی ہے، اس کے علاوہ متعدد ڈیجیٹل خدمات پیش کرتی ہے جو عمرہ زائرین کے عمرہ کے سفر کو آرام دہ بناتی ہیں۔
گزشتہ عمرہ سیزن کے دوران، سعودی عرب نے اپریل 2025 میں عمرہ پرمٹ کا اجرا روک دیا تھا اور اس نے 29 اپریل کو عمرہ کی منسوخی کی تاریخ مقرر کی تھی کیونکہ حج سیزن 2025 کا آغاز ہو گیا تھا، روایت کے مطابق حج کے دنوں میں سعودی عرب کی ریاست عمرہ کے لئے ویزے جاری نہیں کرتی۔
وزارت نے نوٹ کیا کہ ہموار طریقہ کار اور مسلسل بہتری کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر نئے سیزن کے لیے تکنیکی اور آپریشنل تیاریاں جلد شروع کر دی گئی تھیں۔
وزارت نے یہ بھی اشارہ کیا کہ متعدد زبانوں میں ڈیجیٹل اور آگاہی خدمات کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ عمرہ زائرین کے لیے حفاظت اور آرام کے اعلیٰ ترین معیارات فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، جو کہ دو مقدس مسجدوں میں زائرین کی خدمت میں مملکت کے ممتاز کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
ہر سال حج کے سیزن کے اختتام کے ساتھ ہی لاکھوں زائرین دنیا بھر سے عمرہ کے لئے سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں، ان دنوں سعودی عرب سے حج کے لئے گئے ہوئے مسلمانوں کی ان کے ملکوں کو واپسی کا سلسلہ جاری ہے، روزانہ دنیا بھر کے مختلف شہروں کے لئے سیکڑوں فلائٹس سعودی عرب کے ایئر پورٹس سے روانہ ہو رہی ہیں جبکہ سمندری جہازوں سے سفر کرنے والوں کی واپسی بھی سرعت کے ساتھ جاری ہے۔