04 Jun 2025
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے شہر لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنیوالے شہری سڑکوں پر بسوں کی آمد میں تاخیر کے ساتھ ساتھ بس سٹاپس پر سایہ سے محرومی کا سامنا بھی کرنے لگے، شہریوں کو گرمی سے بچنے کی حکومتی ہدایات لیکن انتظام نہ ہونے کے برابر۔
لاہور شہر میں سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ کے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین کے سٹیشنوں کے علاوہ دوسرے روٹس پر بسیں تاخیر سے پہنچنے لگیں جبکہ ان بسوں کے سٹاپس پر سایہ کا انتظام بھی نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ انتطار کے دوران بیٹھنے کے لئے رکھے گئے بنچز سٹیل سے بنے ہوئے ہیں جو شدید گرمی کے باعث دھوپ کی شدت سے گرم ہو جاتے ہیں۔
شہریوں کو شکایت ہے کہ بہت سے بس سٹاپس پر سایہ دار جگہ نہ ہونے کے برابر ہے تاہم مزید گرمی بڑھنے کے بعد ان بس سٹاپس پر دوپہر کے وقت بس کا انتظار کرنا ناممکن ہو جائے گا۔
