فلسطین، کشمیرمیں لاکھوں معصوم بچے اسرائیل، بھارتی جارحیت کا شکار ہیں: مریم نواز

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر میں لاکھوں معصوم بچے اسرائیل اور بھارت کی جارحیت کا شکار ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جارحیت کے شکار معصوم بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جب بچوں کی معصوم مسکراہٹیں آہوں اور سسکیوں میں بدل جائیں تو انسانیت کا سر جھک جاتا ہے،غزہ میں عمارتوں کے ملبے تلے دبی ہزاروں ننھی لاشیں اسرائیلی جارحیت پر عالمی بے حسی کا نوحہ ہیں،غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتوں میں ملبہ ہی نہیں ہزاروں معصوم بچپن بھی دفن ہو گئے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ کشمیر کی فضائیں اُن بچوں کی سسکیوں سے بوجھل ہیں جنہیں تا ابد خاموش کر دیا گیا، دنیا بھر کے جارحیت کے شکار بچوں کا المیہ انسانی تاریخ کا سیا ہ رخ ہیں، بچے جنگوں میں ہی نہیں بلکہ حالت امن میں بھی بد قسمتی سے جارحیت کا شکار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں معصوم بچوں کو ہر قسم کے استحصال اور جارحیت سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے، پنجاب کی صوبائی کابینہ نے پاکستان میں پہلی بار ’چائلڈ پروٹیکشن پالیسی‘ کی منظوری دی ہے، پنجاب کا ہر ادارہ، ہر قانون اور ہر قدم بچوں کے حقوق، تحفظ اور فلاح کے لیے ہم آہنگ ہے، جو معاشرہ بچوں کو امن نہیں دے سکتا، وہ خود کبھی پائیدار امن نہیں پا سکتا۔