
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے بجلی کے بلوں میں کمی کیلئے پاور ٹیرف کم کرنے کا اعلان کر دیا، دوسری جانب صحافی کالونی فیز ٹو کے لیے روڈا سے زمین کی خریداری کے لیے 40 کروڑ کی گرانٹ پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 26واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری و دیگر صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری پنجاب سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
دوران اجلاس مریم نواز شریف نے بلوں میں کمی کیلئے پنجاب کی پاور کمپنیوں کا ٹیرف کم کرنے کی منظوری دی جس سے ٹیرف میں 30 سے 40 فیصد تک کمی ممکن ہے، پنجاب کابینہ نے قائد اعظم تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ اور پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے ٹیرف میں کمی کی منظوری دی۔
اجلاس میں صحافی کالونی فیز ٹو کے لیے روڈا سے زمین کی خریداری کے لیے 40 کروڑ کی گرانٹ پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کیس کو کابینہ کے سامنے رکھا، جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت کابینہ نے فوری منظوری دیدی۔
دوران اجلاس پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی اوورہالنگ کی منظوری دی گئی۔ چائلڈ پروٹیکشن پالیسی ، پنجاب سینئر سٹیزن ویلفیئر بل بھی منظور کر لیا گیا۔الیکٹرک وہیکلز کی رجسٹریشن، پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی ایکٹ اور سموگ کے پیش نظر لاہور میں گرین ایریاز کی ڈویلپمنٹ کا ایجنڈا بھی منظور کر لیا گیا۔
کابینہ نے لاہور میں میڈیکل سٹی کے قیام کے لیے زمین کے حصول ، پنجاب ایئر پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے ،پنجاب میں انٹرسٹ فری الیکٹرک ٹیکسز کی فراہمی، پنجاب کے ہسپتالوں میں فرنیچر اور آلات کی فراہمی کے لیے فنڈز ،پنجاب کلین ایئر پروگرام ،مریم نواز سوشل سیکیورٹی راشن کارڈز کی منظوری دی۔
لاہور میں بس سٹاپس کی اپ گریڈیشن کے لیے فنڈز ، پنجاب کے مختلف اضلاع میں الیکٹرک بسیں چلانے ، پنجاب میں نئے سہولت بازاروں کے قیام ، موجودہ گو سہولت بازاروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے اور لاہور میں پندرہ مقامات پر 60 عارضی دکانوں پر مشتمل گو سہولت بازاروں کے قیام کی منظوری بھی دے دی گئی۔
نائب تحصیلداروں کو سب رجسٹرار کے اختیارات دینے ، پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ 2023 کے تحت ایجنسیوں کی تشکیل کو بھی منظور کر لیا گیا۔ محکمہ تعمیرات میں میئرمنٹ بک متعارف کرانے کی تجویز پیش کی گئی۔ پنجاب آٹزم سکول ایکٹ 2025 کا مسودہ پیش کیا گیا۔
پنجاب میں ریفلیکٹو نمبر پلیٹس کی فراہمی، الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن کا نیا نظام متعارف کرانے کی منظوری بھی شامل ہے۔ ضروری اشیاء کے کنٹرول ایکٹ 2024 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ معدنیات کے شعبے کے لیے ریگولیٹری فریم ورک 2025 ، پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں چیئرپرسنز و دیگر افسران کی تقرری ، پنجاب پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر سروسز بل 2025 کی ابتدائی منظوری بھی دی گئی۔