جو لڑکا اپنے والدین اور بہن بھائی چھوڑ سکتا ہے، وہ بیوی کو بھی چھوڑ سکتا ہے: صبا فیصل
(ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ صبا فیصل نے نوبیاہتا دلہنوں اور لڑکیوں کو کہا ہے کہ جو لڑکا ان کی خاطر اپنے والدین، بہن اور بھائیوں کو چھوڑ سکتا ہے، وہ زندگی کے کسی موڑ پر انہیں بھی چھوڑ سکتا ہے۔
صبا فیصل نے کہا کہ میرے تجربے کے مطابق ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ لڑکے شادی کے بعد بدل جائیں، وہ شادی کرنے کے باوجود اپنے والدین اور خصوصی طور پر ماں کی پسند اور ناپسند کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعض اوقات رشتے میں بندھنے یا شادی کے فوری بعد کچھ وقت تک لڑکا اور لڑکی نئی نئی محبت میں بدل جائیں لیکن وہ چیز وقتی ہوتی ہے، مستقل ایسا نہیں ہوتا، لڑکے اور لڑکی کو محتاط ہوکر آگے بڑھنا چاہئے۔
صبا فیصل کا کہنا تھا کہ ہمارے سماج میں شادی صرف لڑکی اور لڑکے کے درمیان نہیں ہوتی بلکہ دو خاندانوں کے درمیان ہوتی ہے، اس لیے لڑکے اور لڑکی پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ رشتے کو اچھی طرح آگے بڑھائیں۔
انہوں نے بتایا کہ لڑکی شادی کے بعد ایک نئے گھر میں آتی ہے، اس لیے اسے دوسرے گھر کے ماحول کا علم نہیں ہوتا لیکن لڑکے کے اوپر ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں، اسے اپنے گھر اور نئے شخص کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے، ایسے میں اگر کوئی مشکل پیش آجائے تو لڑکے کے لیے مصیبت بن جاتی ہے۔
اداکارہ نے لڑکیوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شوہر کی جانب سے والدہ، بہنوں اور دیگر اہل خانہ کی عزت کرنے پر خود کو غیر محفوظ نہ سمجھیں، اگر لڑکا اپنے اہل خانہ کی عزت کرتا ہوگا تو وہ بیوی کی بھی عزت کرے گا۔
