(ویب ڈیسک)سوشل میڈیا سٹار ز کی کمائی بھی حکومت کی نظروں میں آگئی،ٹیکس لگنے کے بادل منڈلانے لگے۔
مالی سال 2025-26 کا بجٹ 10 جون کو پیش ہونے جارہا ہے، اور اطلاعات کے مطابق اس بار بجٹ میں سوشل میڈیا سے کمائی کرنے والوں کےلیے ایک نیا ’’سرپرائز‘‘ تیار کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (ICMAP) نے تجویز دی ہے کہ یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدنی پر 3.5 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے۔ اس تجویز کا مقصد حکومت کے خزانے میں 52.5 ارب روپے کی اضافی رقم لانا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں سوشل میڈیا کو صرف تفریح یا اظہارِ رائے کا ذریعہ سمجھا جاتا تھا، مگر اب یہ ایک باقاعدہ ’’کمائی کا میدان‘‘ بن چکا ہے اور حکومت اس میدان کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے پر تول رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تجویز حکومت کے سنجیدہ غور و فکر میں ہے، اور امکان ہے کہ آنے والے بجٹ میں اس پر باقاعدہ اعلان ہوجائے۔
