(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس، لاہورڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سینئر وزیراور چیف سیکرٹری کو لاہور ڈویلپمنٹ کی بروقت تکمیل کا ٹاسک سونپ دیا جبکہ پلان کے لئے ماہانہ ٹائم لائن مقررکرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے پہلے فیز کا مرحلہ وار جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نوازنے پراجیکٹس کا تصویری معائنہ بھی کیا۔ میونسپل کارپوریشن لاہور کی 3705 اور واسا کے زیر اہتمام230 سٹریٹس کی تعمیرو بحالی کے لئے 30جون کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
واسا ورکس کے لئے 1573 گلیوں کی تعمیرومرمت کے لئے31 جولائی کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ پلان فیز ٹو میں علامہ اقبال، عزیز بھٹی اور واہگہ ٹاؤن میں گلیوں کی تعمیر ومرمت اور دیگر پراجیکٹس شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں تاخیر سے عوام کی روزمرہ زندگی متاثرہوتی ہے، خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہوں، مشکل میں نہیں دیکھ سکتی۔
