
(لاہور نیوز) سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں پرمٹ کے بغیر آج سے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
’مکہ پرمٹ‘ کے لیے وزارت داخلہ نے ابشر اور مقیم پلیٹ فارم پر ’تصریح پورٹل‘ لانچ کیا ہے جس کے ذریعے پرمٹ جاری کرایا جا سکتا ہے تاہم حج کے انتظامات اور ضوابط پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ بدھ 23 اپریل سے اجازت نامے کے بغیر، مملکت میں مقیم افراد کو مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس فیصلے سے وہ افراد مستثنیٰ ہوں گے جن کے پاس مکہ مکرمہ میں کام کا اجازت نامہ ہو، مکہ مکرمہ سے جاری شدہ اقامہ ہو یا حج کا باقاعدہ اجازت نامہ موجود ہو۔
سعودی وزارت داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ جو افراد اس حکم کی خلاف ورزی کریں گے، انہیں سکیورٹی چیک پوائنٹس پر واپس بھیج دیا جائے گا جبکہ وزارت حج نے مختلف ممالک سے عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کو انتباہ دیا ہے کہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں، عمرہ ویزے پر آنے والوں کو حج کرنے کی قطعی اجازت نہیں۔