
(لاہور نیوز) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ارتھ ڈے (Earth Day) پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زمین صرف ہماری نہیں، آنے والی نسلوں کی بھی امانت ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ زمین کے تحفظ کے لئے ہمیں قدرتی وسائل اور درختوں کو بچانا ہے،زمین کو محفوظ بنانے کے لئےآلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت قدرتی مسکن کی حفاظت کے مشن میں سب سے آگے ہے،حکومت پنجاب نے زمینی ماحولیاتی تحفظ کو اپنی پالیسی کا مرکزی حصہ بنایا ہے، زمین کے تحفظ کےلئے سرسبز پنجاب مہم کے تحت لاکھوں درخت لگائے جا چکے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں پاکستان کی پہلی سمارٹ انوائرمنٹ فورس قائم کردی گئی ہے، کارخانوں کی نگرانی کی جارہی ہے، فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لئے سپر سیڈر دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب نے پاکستان کی پہلی جامع کلائمیٹ پالیسی متعارف کرائی ہے، صنعتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے خودکارمانیٹرنگ سسٹم لارہے ہیں، مل جل کر اپنی زمین کو بہتراور سرسبز بنانے کا عزم کرتے ہیں۔