
(لاہور نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوشحالی کسان کی خوشحالی سے جڑی ہے، مسلم لیگ ن کا منشور ہے کہ کسان کو اس کی محنت کا پورا پورا معاوضہ ملے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے گندم کے کاشتکاروں کے لئے خصوصی پیکیج کے اعلان کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ساڑھے 5 لاکھ کاشت کاروں کو براہ راست گندم سپورٹ فنڈ کے تحت 15 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری انتہائی خوش آئند قدم ہے، آبیانہ اور فکس ٹیکس میں بھی چھوٹ ریلیف ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسانوں کو چار ماہ مفت سٹوریج کی سہولت مہیا کرنے کے اقدام سے گندم کو موسمی اثرات اور کسانوں کو مارکیٹ کے دباؤ سے محفوظ رکھنے میں آسانی ہو گی۔
انکا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گندم اور گندم سے تیار شدہ اشیاء کی برآمد میں حکومت پنجاب کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی، پاکستان کی خوشحالی کسان کی خوشحالی سے جڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا منشور ہے کہ کسان کو اس کی محنت کا پورا پورا معاوضہ ملے، گندم کے کاشتکاروں کے لئے اس پیکیج کے اعلان پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور مبارکباد دیتا ہوں۔