
(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کر دی۔
شہر لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
گزشتہ رات چلنے والی آندھی کے باعث فضائی آلودگی میں معمولی کمی دیکھی گئی تاہم شہر اب بھی فضائی آلودگی کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات کے وقت بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، انہیں دن کے گرم اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے، پانی، لیموں پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کرنے، ہلکے، سوتی اور کھلے کپڑے پہننے کی سفارش کی گئی ہے۔