(ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ منرلز بل صوبے کے وسائل پر وفاق کی یکطرفہ قبضہ کی کوشش ہے، حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو ہمیں پھر میدان میں جانا ہو گا۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وفاق کو خود بھی سوچنا چاہئے آئین کے منافی بل اسمبلی میں نہیں لانا چاہیے، معدنیات پر صوبوں سے قانون پاس کرایا جا رہا ہے، ہمارے مفادات اور وسائل محفوظ ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی قانون سازی جمعیت علمائے اسلام کو قبول نہیں، حکومت کو اپنی غلطیوں پر بھی گریبان میں جھانکنا چاہیے، حکمران خرگوش کی نیند سو رہے ہیں انہیں جگانا ہو گا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ افغان مہاجرین کی بے دخلی کا بیٹھ کر شیڈول طے کیا جائے، افغانستان کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، خیبر پختونخوا میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علما کرام اور سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانا تشویشناک ہے، 27 اپریل کو مینار پاکستان پر اسرائیل کے خلاف مارچ ہو گا اور فلسطینی بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
