
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ ہنجروال میں گھریلو ملازمہ مالکن کے مبینہ تشدد سے دم توڑ گئی۔
پولیس حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے ہنجروال میں پیش آیا جہاں مالکن کے مبینہ تشدد سے 10 سالہ گھریلو ملازمہ سونیا جاں بحق ہو گئی، مقتولہ کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ نوشین فرخ اور فرخ بٹ نے 10 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کیا جبکہ تشدد کے بعد اسے ہسپتال بھی نہیں لے جایا گیا۔
والدین کی جانب سے درج کروائے گئے مقدمہ کے متن میں کہا گیا کہ ملزمان نےاہل خانہ کو فون پر بتایا کہ بچی کے بازو پر معمولی چوٹ آئی ہے، رشتہ دار نے مالکن اور اس کے خاوند کو بچی پر ڈنڈوں کے ساتھ تشدد کرتے دیکھا جب ہم عارف والا سے لاہور پہنچے تو بچی مردہ حالت میں پڑی تھی۔
بچی کی والدہ کے مطابق مالکن نوشین اور خاوند فرخ بٹ نے میری بچی کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث وہ دم توڑ گئی، اعلیٰ پولیس افسران ہمیں انصاف فراہم کریں، اس حوالے سے پولیس کا مزید کہنا ہے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے،
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔