
(لاہور نیوز) پنجاب یونیورسٹی کے سکول آف کمیونی کیشن سٹڈیز کی جانب سے سینئر صحافی اور تجزیہ کار سلمان غنی کے اعزاز میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے سلمان غنی کو’’ستارہ امتیاز‘‘ عطا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا، وائس چانسلر جامعہ پنجاب پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ ، پروفیسر ڈاکٹر عابدہ اشرف ، سینئر صحافی اور تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی، سلیم بخاری ، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سجاد میر، اساتذہ اور طلبہ نے تقریب میں شرکت کی۔
سینئر صحافی اور تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا کہ میرا تجربہ ہے کہ محنت کرنے والے لوگ ہی زندگی کی دوڑ میں آگے بڑھتے ہیں، ہمیں پاکستان کی صحافت کو بامقصد بنانے اور میڈیا کو مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے تجزیہ کار سلمان غنی کو بے مثال صحافی اور قوم کے لئے مشعلِ راہ قرار دیا۔
تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی کا کہنا تھا سلمان غنی کا رپورٹر آج بھی زندہ ہے، جب بھی کسی اخبار نویس کو اعزاز ملتا ہے مجھے بے حد خوشی ہوتی ہے۔
سینئر صحافی اور تجزیہ کار سلمان غنی نے ہمیشہ سچ اور اصولوں کو اپنی صحافت کا محور بنایا، ان کی تحریریں اور تجزیے عوام میں شعور بیدار کرنے کا ذریعہ ہیں۔