
12 Apr 2025
(لاہور نیوز) موٹروے پولیس کی تیز رفتار ڈالے کے خلاف کارروائی ،ناجائز اسلحہ برآمد، 9 ملزمان گرفتار کر لیے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ایم 2 پر سیال موڑ کے قریب 165 کلومیٹر رفتار پر ریو ڈالے کو رکنے کا اشارہ کیا گیا،ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی بجائے رفتار بڑھا دی،پٹرولنگ افسران کے گاڑی کو روکنے پر ملزمان نے مزاحمت کی۔
ڈالے میں سوار افراد نے دوسری گاڑی میں سوار اپنے مسلح ساتھیوں کو بھی بلا لیا، موٹروے پولیس نے دونوں گاڑیوں کی تلاشی لی تو 4کلاشنکوف،ایک جی تھری رائفل، ایک پسٹل اور 892 گولیاں برآمد ہوئیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے پاس اسلحہ لائسنس موجود نہ تھے، موٹروے پولیس کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔