
(لاہور نیوز) خواتین کو بدسلوکی سے بچانے کیلئے لاہور پولیس کا احسن اقدام سامنے آ گیا۔
عید کی خریداری کے دوران خواتین کو ہراسگی اور جرائم سے بچانے کیلئے پولیس نے شہر کے مصروف بازاروں میں خصوصی سکواڈ تعینات کئے ہیں، اینٹی خواتین ہراسگی سکواڈ میں دو مرد اور دو خواتین اہلکار شامل ہیں، رش کے باعث سکواڈ سائیکل پر گشت کر کے سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔
سکواڈ کو ہتھکڑی، وائرلیس سیٹ، سیٹی اور پستول دیئے گئے ہیں، سکواڈ بازاروں میں جیب تراشی، ہلڑ بازی اور خواتین سے ہراسگی کی روک تھام میں مصروف ہیں، شہر کے چھ بڑے بازاروں میں کیمپس لگائے گئے ہیں، اہلکاروں کا کہنا ہے متاثرہ خواتین کے بیانات لے کر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔
شہریوں نے لاہور پولیس کے اس اقدام کو خواتین کے بازاروں میں امن و امان کی بہتری کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق سائیکل سکواڈ نے تین روز میں خواتین سے ہراسگی کے پانچ واقعات روکے اور ناجائز اسلحہ رکھنے پر بھی کارروائیاں کی ہیں۔