
(لاہور نیوز) رہنما جے یو (ف) حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن الائنس کی قیادت کا ہماری طرف سے کوئی مطالبہ نہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ کل صدر کے خطاب کے دوران پی ٹی آئی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا، جب پی ٹی آئی رابطہ کرے گی پھر کوئی فیصلہ ہو گا، مولانا فضل الرحمان کی آج مصروفیت تھی، ابھی اسد قیصر کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کل جے یو آئی کی حکمت عملی کیا ہو گی ابھی فیصلہ نہیں ہوا ،دیکھتے ہیں اسد قیصر کب مولانا سے رابطہ کرتے ہیں، تیرہ سالہ تلخی کو نظر انداز کر کے ہم پی ٹی آئی سے رابطے میں تھے، پی ٹی آئی سے ایسے بیانات آ رہے ہیں جس کا ہمیں افسوس ہے، پی ٹی آئی الائنس چاہتی ہے لیکن منفی بیانات سے ہمیں کنفوژ بھی کر رہی ہے۔
رہنما جے یو (ف) کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ سڑکوں کی سیاست کا فیصلہ پارٹی ہی کرے گی، پی ٹی آئی دیکھے کہ علی امین گنڈا پورکی وجہ سے ہمیں نقصان ہو رہا ہے یا ان کو، ہم اسی پوزیشن پر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، حکومتی بنچوں پر بیٹھنا اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہو گا۔
آخر میں ایک سوال کے جواب میں حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن الائنس کی قیادت کا ہماری طرف سے کوئی مطالبہ نہیں۔