
(ویب ڈیسک) لاہور ریلوے سٹیشن پر چلتی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کے دوران خاتون حادثے سے بال بال بچ گئی۔
ترجمان ریلویز پولیس کے مطابق لاہور ریلوے سٹیشن پر چلتی ہوئی قراقرم ایکسپریس پر سوار ہونے کی کوشش کے دوران خاتون مسافر پاؤں سلپ ہونے اور توازن برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے ٹرین کے نیچے آنے سے بمشکل محفوظ رہی۔
ترجمان نے بتایا کہ ریلویز پولیس اہلکار کی فرض شناسی اور حاضر دماغی نے خاتون مسافر کی جان بچا لی، پلیٹ فارم ڈیوٹی پر موجود کانسٹیبل رفاقت علی فوراً خاتون کی مدد کے لئے بھاگا اور اسے اپنی طرف کھینچا، اہلکار کی حاضر دماغی اور فوری امداد نے خاتون کو چلتی ٹرین کے نیچے آنے اور بڑے حادثے سے بچا لیا۔
فیملی لاہور سے کراچی جا رہی تھی، ریلوے پولیس اہلکار نے ٹرین رکوا کر فیملی کو باحفاظت سوار کروایا جس پر مسافر خاتون اور اس کی فیملی نے ریلویز پولیس اہلکار رفاقت علی کی فرض شناسی اور حفاظتی اقدام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔