
01 Feb 2025
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دھند پھر لوٹ آئی، مختلف علاقوں میں حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے مختلف مقامات سے بند کر دی گئی۔
ترجمان موٹرویز کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم 3 کو فیض پور سے ننکانہ صاحب اور موٹروے ایم 2 کو لاہور سے ہرن مینار تک بند کر دیا گیا ۔ اسی طرح لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 بھی بند ہے ۔
دھند کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے، ایئر بلو کی کراچی سے لاہور آنے والی پرواز 402 ، سرین ایئر لائن کی دبئی سے لاہور آنے والی پرواز 724 دھند کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گئی جبکہ سرین ایئر لائن کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز 523 کو طیارے کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر ہوگئی۔