(لاہور نیوز) خشک سردی سے تنگ شہریوں کیلئے خوشخبری آ گئی، لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں کل سے بارشوں کا امکان ہے۔
گزشتہ چند روز سے شہر لاہور میں سورج اپنی آب و تاب دکھا رہا ہے، دن میں تو گرمی کا احساس شدید ہونے لگا، البتہ رات گئے اور صبح سویرے سردی کا احساس ضرور ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے لگی۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک میں داخل ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں لاہور میں یکم اور دو فروری کو بارش برسنے کے امکانات ہیں۔
ادھر باغوں کے شہر میں سموگ کے ڈیرے بھی قائم ہیں، مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 181 ریکارڈ کیا گیا، شملہ پہاڑی کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں اے کیو آئی 427 تک جا پہنچا۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو سردی کی شدت سے بچنے کیلئے محتاط رہنے کی تاکید کی ہے۔
