
(لاہور نیوز) کمشنر لاہور زید بن مقصود کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں’ ہینگنگ وائرز‘کیخلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں لیسکو گلبرگ ڈویژن نے بریفنگ میں بتایا کہ پہلے مرحلے میں ٹیموں کی جیل روڈ، والٹن، مین بلیوارڈ، برکت مارکیٹ اور حسین چوک پر کارروائیاں کی گئیں، علی زیب روڈ، مین بلیوارڈ، لبرٹی، ایم ایم عالم روڈ کے 95 فیصد ایریا سے لٹکتی تاروں کو ختم کر دیا گیا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جہاں انڈر گراؤنڈ ڈکٹ موجود ہے وہاں پر لائسنسڈ ٹیلی کام کمپنی کی کیبل بھی ڈکٹ سے جائے گی، غیر قانونی و غیر منظم ہینگنگ وائرز کیخلاف کریک ڈاون جاری رہیگا، مرحلہ وار دائرہ کار پھیلایا جا رہا ہے، ضلعی ٹیمیں ان رجسٹرڈ و ان لائسنسڈ کمپنیوں کی کیبلز کو مکمل طور پر کاٹ کر قبضے میں لے رہی ہیں۔
کمشنر لاہور زید بن مقصود نے پی ٹی سی ایل اور این ٹی سی کے فوکل پرسنز کو فوری ٹیموں کا حصہ بننے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا ٹیلی کام ایسوسی ایشن، لیسکو، ایم سی ایل اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں لٹکتی تاروں کے خلاف ایکشن لے رہی ہیں، پی ٹی سی ایل اور این ٹی سی اپنے مین ہولز کو کور کریں، اس پر کوئی کمپرومائز نہیں، لیسکو ٹیمیں صرف ان رجسٹرڈ و ان لائسنسڈ ہولڈرز کی تاروں کو کاٹیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں بالعموم اور کئی علاقوں میں بالخصوص لٹکتی تاریں کئی مسائل کا سبب ہیں، رجسٹرڈ ٹیلی کام کمپنیز کے کاروبار کو فروغ ملے گا اور ان رجسٹرڈ کو قانون کے دائرے میں لایا جائے، بجلی کے کھمبوں کے گرد لٹکتی تاریں حادثات اور بدصورتی کا سبب ہیں۔