28 Jan 2025
(لاہور نیوز) کوٹ لکھپت کے علاقہ سے ایدھی فاؤنڈیشن لاہور کی ایمبولینس جنرل ہسپتال میں واقع ایدھی سینٹر سے چوری ہو گئی۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق چوری ہونے والی ایمبولینس کا رجسٹریشن نمبر EA 1611 ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن نے ایمبولینس کی چوری کی اطلاع فوری طور پر تھانہ کوٹ لکھپت میں دی جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والی ایمبولینس کی تلاش کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جلد ہی ملزم کو گرفتار کر کے ایمبولینس برآمد کر لی جائے گی تاحال پولیس گاڑی کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو ایمبولینس کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔