(لاہور نیوز) قلعہ عبداللہ میں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر بڑے حملے کی کوشش ناکام بنا دی جبکہ سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 3 خوارج ہلاک کر دیئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں خوارج دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کی چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو خودکش بمباروں سمیت پانچ خوارج ہلاک ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 2 بہادر سپوت جام شہادت نوش کر گئے، شہید ہونے والوں میں نائیک طاہر خان اور لانس نائیک طاہر اقبال شامل ہیں، کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے آپریشن خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا، سکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت ہلاک جبکہ 9 زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔